گجرات: پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل

گجرات: صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں ایک پاکستانی نژاد اطالوی لڑکی ثناء چیمہ کو اس کے باپ، بھائی اور چچا نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا اور موت کو حادثہ قرار دے کر سپرد خاک کردیا۔

پولیس کے مطابق 18 اپریل کو گاؤں منگووال غربی میں پاکستانی نژاد اٹلی کی شہری 26 سالہ ثناء چیمہ کی موت کی رپورٹس سامنے آئی تھیں، تاہم اہلخانہ نے اسے حادثہ قرار دے کر لڑکی کو سپرد خاک کردیا تھا۔

بعدازاں سوشل میڈیا اور اٹالین میڈیا پر یہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد کہ ثناء چیمہ کو قتل کیا گیا ہے، ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) گجرات کے حکم پر تحقیقات شروع کردی گئیں۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد غلام مصطفیٰ اس کی شادی رشتے داروں میں کرنا چاہتے تھے، مگر ثناء چاہتی تھی کہ اس کی شادی اٹلی میں ہو۔

پولیس کا کہنا ہے کہ غلام مصطفیٰ نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر اپنے بیٹے عدنان مصطفیٰ اور بھائی مظہر اقبال کے ساتھ مل کر اپنی بیٹی کو تشدد کرکے قتل کردیا۔

پولیس نے ایس ایچ او کی مدعیت میں تینوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تاہم ملزمان اب تک پولیس کی گرفت سے باہر ہیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی قبرکشائی کے لیے علاقہ مجسٹریٹ کو درخواست دے دی گئی ہے اور پوسٹمارٹم کی روشنی میں تفتیش آگےبڑھےگی۔

شیئر کریں:

Facebook

Get the Facebook Likebox Slider Pro for WordPress