سندھ کی خوبصورت ثقافتی روایت، سندھی ٹوپی اجرک ڈے

کراچی: سندھ کے صحرا میں پھل پھول اور سبزے کی کمی کو دور کرنے کے لیے سندھ کے باسیوں نے رنگوں  کو اجرک میں سمو دیا۔ سندھ کی دم توڑتی ثقافت کو زندہ کرنے کے لیے حکومت سندھ کی جانب سے ہر سال دسمبر کے آغاز میں سندھی ٹوپی  اجرک ڈے منایا جاتا ہے۔

 شہروں اور دیہات میں یہ دن یکساں طور پر جوش و جذبے سے  منایا جاتا ہے۔ سندھ کی پانچ سالہ تاریخ کے روشن رنگ ، سندھ کے شہر شہر ، گاؤں گاؤں ، قریہ قریہ ، قصبہ قصبہ مرد ، خواتین اور بچے سر پر لال مہرابی ٹوپی اور کندھوں پر اجرک اوڑھ کر منارہے ہیں ثقافت کا دن۔

ثقافتی دن کے حوالے سے سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے جانب سے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے۔ پریس کلب کے تعاون سے راگ رنگ ، محفل مشاعرہ ، لوک گیتوں پر رقص کی تقاریب جاری ہیں۔

اس حوالے سے ثقافتی رنگ میں ڈوبے لوگ مختلف مقامات پر ریلیاں نکال رہے ہیں اور اسکول ،کالجوں میں رنگا رنگ تقریبات کی تیاریاں کررہے ہیں۔

سندھ کی تہذیب کے رنگ کوئی محدود نہیں بلکہ سندھی دستکاریاں اجرک اور ٹوپی پورے دنیا میں گھومتی اور پسند کی جاتی ہیں۔ گرم شالوں اور کپڑوں میں سندھی کڑھائی خواتین میں بےحد مقبول ہیں۔

اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر سندھی دستکاری، اجرک اور ٹوپی کے اسٹال لگائے جاتے ہیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد ان دستکاریوں کو خریدتے ہیں۔ یہ دستکاریاں اندرونی سندھ میں رہنے والے والوں کے کاروبار کا حصہ بھی ہے۔

اس دن منانے کا مقصد سندھی کی دم توڑتی ثقافت کو زندہ رکھنا ہے۔ آپس میں محبت اور بھائی چارگی کو فروغ دینا ہے۔ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے ثقافت سے انحراف اپنی قوم کی شناخت کھونے کے مترادف ہے۔ ثقافت کا دن محض ایک تقریب کے طور پر منانے کے بجائے ثقافت کے فروغ اور امن و بھائی چارے کو پھیلانے کےلیے منایا جائے۔

شیئر کریں: